پاک بھارت آبی مذاکرات آج سے شروع ہوں گے

اسلام آباد(اے ٹی ایم آن لائن) پاک بھارت آبی تنازعات پر دو روزہ مذاکرات آج سے شروع ہوں گے ۔ بھارتی واٹر کمشنر پی کے سکسینہ کی سربراہی میں 9 رکنی وفد گزشتہ روز واہگہ کے راستے پاکستان پہنچا تھا ۔ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان آبی تنازعات اور اس کے حل کے لیے بات چیت ہوگی اور دونوں ممالک اپنی اپنی جائزہ رپورٹ پیش کریں گے۔

بھارت دریائے چناب پر 1500 میگاواٹ کا پکل ڈل ڈیم اور 45 میگاواٹ کا لوئر کلنائی ڈیم بنا رہا ہے جس پر پاکستان کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا تھا۔

پاکستان کا مؤقف ہے کہ دونوں منصوبوں کا ڈیزائن پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پائے جانے والے 1960 کے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔