امیدوار کی جگہ کھمبا بھی کھڑا کردیتے تو وہ بھی جیت جاتا ، 24 گھنٹے میں عامر لیاقت واپس راستے پر آجائیں گے۔ فیصل جاوید

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا ایم این اے عامر لیاقت کو فارورڈ بلاک کے بیان پر کرارا جواب اور کہا کہ وزارت نہ ملنے پر بعض لوگ ایسی باتیں کر رہے ہیں، پی ٹی آئی میں صرف پروگریسو بلاک ہے کوئی فارورڈ بلاک نہیں۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید نے بتایا کہ کراچی پاکستان کا حب ہے اور ووٹ عامر لیاقت کو نہیں بلکہ وزیراعظم عمران خان کو دیے گئے ہیں اگر وہ کسی امیدوار کی جگہ کھمبا بھی کھڑا کردیتے تو وہ بھی جیت جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی نے انتخابات 2013 میں بھی عمران خان کے نظریہ کو ووٹ دیا اور 2018 کے انتخابات میں بھی پارٹی کا جو  رکن جیتا وہ عمران خان کی وجہ سے جیتا ہے۔ سمجھ سے بالا ہے کہ عامر لیاقت نے فارورڈ بلاک کیوں کہا، وہ صرف چیزوں کو بڑھاوا دیتے ہیں تاہم اس حوالے سے ان سے بات کی جائے گی اور وہ 24 گھنٹے میں واپس راستے پر آجائیں گے۔

فیصل جاوید نے  کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، پروٹوکول اور سیکیورٹی دو الگ الگ معاملات ہیں۔ عوام کے ٹیکس کی رقم حکومت کے استعمال کے لیے نہیں، صرف قوم پر لگانے کے لیے ہے، ہمیں ابھی قوم کا بھروسہ جیتنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ حکمرانوں پر اعتبار کریں۔

پی ٹی آئی قوم کا اربوں روپے بچا رہی ہے اور اگلے ہفتے پریس کانفرنس کرکے بتاؤں گا کہ پہلے کتنے خرچے ہوتے تھے اور اب کتنے ہوتے ہیں تاکہ عوام کو فرق پتا چل سکے۔