صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ، حتمی فہرست کل جاری ہوگی

اسلام آباد (اے ٹی ایم آن لائن) پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی اور اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار مولانا فضل الرحمان کے نامزدگی فارم منظور کرلیے گئے۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کررہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے ننامزدگی فارم درست قرار دیتے ہوئے منظور کرلیے۔

مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کے لیے اپوزیشن جماعتیں تقسیم کا شکار ہیں، پیپلز پارٹی اپنے امیدوار اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئی تاہم مسلم لیگ (ن) کو اعتزاز کے نام پر شدید تحفظات ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری صدارتی الیکشن کے لیے اعتزاز احسن کو دستبردار کرنے اوراپوزیشن کا مشترکہ امیدوار لانے کی درخواست کی تھی جس پر سابق صدر نے کوئی حتمی جواب نہیں دیا۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اعتزاز احسن کے نام سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا۔

پیپلزپارٹی کے وفد کی گزشتہ روز بھی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی اور ملاقات کے بعد راجہ پرویز اشرف اور مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کی۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ دونوں اطراف سے مثبت حل کی کوشش جاری ہے، امید ہے دو راتوں میں کوئی حل نکل آئے گا۔جب کہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں دو روز باقی ہیں اور امید ہے کہ اپوزیشن کے ایک امیدوار کے مسئلے کا حل نکال لیں گے۔