ضمنی انتخاب میں ان شاءاللہ ہر طرف شیر ہی شیر نظر آئے گا ۔ حمزہ شہباز

لاہور (اے ٹی ایم آن لائن)ماڈل ٹاؤن لاہور میں حمزہ شہباز سے اویس لغاری، طاہرالملک، چوہدری جعفر، اورنگ زیب بٹ، تہمینہ دولتانہ، میاں مرغوب، مہر اشتیاق، لال جوئیہ، خواجہ عمران نذیر، سمیع اللہ چوہدری سمیت سرکردہ پارٹی کارکنان، اہم سیاسی و سماجی شخصیات کی ملاقاتٰیں اور رابطے، مرکز اور صوبے میں بھرپور اپوزیشن، پارٹی کے مستقبل کے لائحہء عمل، صدارتی الیکشن، ضمنی انتخابات سمیت قومی سیاسی صورت حال و تنظیمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہء خیال کیا گیا۔

 اس موقع پر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملک کی تبدیلی لانے کے نعرے اور بڑے بڑے دعوے ہوا ہو گئے، پی ٹی آئی کی حکومت آغاز میں ہی بری طرح ایکسپوز ہو گئی ہے، ڈی پی او پاکپتن کا تبادلہ حکمرانوں کا منہ چڑا  رہا ہے اور عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں یہ کون سے میرٹ کی بنیاد پر ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں؟ وزارتوں کی بندر بانٹ کے بعد ٹھیک اسی طرح کی کمزور اور نااہل حکومت ہی وجود میں آئی جسکی توقع کی جا رہی تھی خان صاحب کے گڈ گورننس اور تبدیلی کے دعووں کی حقیقت ہفتے بھر میں ہی بے نقاب ہوگئی، ڈی پی او تبادلہ منہ چڑا رہا ہے، خان صاحب اور ان کے پس ماندہ وزیراعلی قومی خزانے سے گلچھرے اڑانے میں مصروف ہیں، ہیلی کاپٹر سسرال جانے اور جھولے لینے کے لئیے استعمال ہورہا  ہے، پی ٹی آئی کی اصلیت اور اہلیت پوری دنیا پر عیاں ہوچکی ہے، قوم اپنے مینڈیٹ پر ڈاکے کی واردات دہرانے نہیں دے گی، ضمنی انتخاب میں ان شاءاللہ ہر طرف شیر ہی شیر نظر آئے گا “

پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام یوٹرن خان کے کھوکھلے نعروں کی حقیقت جان چکے ہیں مصنوعی مینڈیٹ اور روڈ چوری کرنے والوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی اور ضمنی الیکشن میں شیر بھرپور کامیابی حاصل کرے گا،  انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کی پانچ برسوں کی کارکردگی کا مقابلہ پی ٹی آئی کے بس کی بات نہیں، انہیں منہ کی کھانا پڑے گی عوام شیر کے  سنہری دور حکومت کو  کبھی فراموش نہیں کر سکتے