فواد چوہدری اکیسویں صدی کے گوئیبلز نہ بنیں ۔ مریم اورنگزیب

لاہور (اے ٹی ایم آن لائن)  سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری صاحب وزیر اطلاعات بنیں، تحریک انصاف کے ترجمان نہ بنیں ۔ بطور تحریکِ انصاف ترجمان جھوٹ بول کے کام چلایا جا سکتا تھا اب ویسے بات نہیں بنے گی۔ شریف خاندان کے خلاف سیاست سے عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر نہیں مل سکتے۔ سینٹ کے معزز ایوان اور کنٹینر پر کھڑے ہوکر بولنے کے فرق کو سمجھیں۔ مریم نواز کے بارے میں آپ کا بیان ایسے ہی ہے جیسے عمران صاحب 55روپے میں بنی گالا سے وزیراعظم آفس آتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ پی ٹی وی پارلمیںٹ کا مئی 2018 میں افتتاح ہو چکا ہے جس کے ذریعے آج آپ کی آواز عوام تک پہنچ رہی ہے۔اس کا دوبارہ افتتاح کرنے کی ضرورت نہیں۔ دوسروں کے منصوبوں پر اپنے نام کی تختی نہ لگائیں، نئے منصوبے لائیں جن کا عوام سے وعدہ کیا ہے۔ حکومتی بیانات سے لگ رہا ہے کہ عوام کو ایک  کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر گوگل پر تلاش کرنے پڑیں گے۔  پیمرا کی تشکیل نو کسی کی خواہش پر نہیں بلکہ آئینی و قانونی طریقہ کار سے ہی ہو سکتی ہے۔  میڈیا کی آزادی سلب کرنے کےلئے مزید کوئی کالا قانون نہیں لانے دیں گے۔  اعلانات اور دعووں سے پہلے بہتر ہوگا کہ آئین و قانون کا مطالعہ کرلیں تاکہ بعد میں شرمندگی نہ ہو۔  فواد صاحب اکیسویں صدی کے گوئیبلز نہ بنیں۔ گزشتہ دس دن میں ریاستی اور حکومتی امور کے ساتھ ہونے والے مسخرہ پن  اور جگ حسائی پر عوام حیران و پریشان ہیں۔