عامر لیاقت کے بعد کپتان کا ایک اور کھلاڑی روٹھ گیا. اگلا عامر لیاقت کون؟؟

کراچی(اے ٹی ایم آن لائن)  پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے بعد پی ٹی آئی کے ایک اور ایم این اے  آفتاب جہانگیر پارٹی سے ناراض ہوگئے۔

آفتاب جہانگیر نے پی ٹی آئی سے احساس محرومی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ہم بھی کراچی سے منتخب ہوئے ہیں لیکن افسوس ہےکہ چاہے اسلام آباد ہو یا کراچی ہمیں نظر انداز کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے ملاقات ہو یا ادارہ نورحق کا دورہ ہمیں نظر انداز کیا جارہا ہے ہم سے پوچھا نہیں جارہا ہے۔ آفتاب جہانگیر نے پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار ڈاکٹرعارف علوی سے مطالبہ کیا کہ ‘آپ کراچی کے بڑے ہیں یہ معاملات دیکھیں ۔ یاد رہے کہ آفتاب جہانگیر کراچی کے حلقہ این اے 252 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

دو روز قبل عامر لیاقت نے بھی گورنر سندھ عمران اسماعیل کی حلف برداری کی تقریب کے بعد عشائیے میں مدعو نہ کرنے پر شدید غصے کا اظہار کیا تھا اور انہوں نے سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا واٹس ایپ گروپ بھی چھوڑ دیا تھا۔