ہالینڈ میں ہونے والا گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے متعلق اہم خبر سامنے آگئی

ایمسٹرڈیم (اے ٹی ایم آن لائن)  ہالینڈ میں ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کو منسوخ کردیا گیا۔ ہالینڈ کے اسلام مخالف رکن اسمبلی گیئرٹ ولڈرز نے مقابلہ منسوخ کرنے کا فیصلہ پاکستان میں مظاہروں کے بعد کیا۔ گیئرٹ ولڈرز نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ خاکوں کا مقابلہ نہ کروایا جائے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہالینڈ کے پاکستان میں سفیر نے بتایا کہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ ترک کردیا گیا ہے۔ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں سے مسلمانوں میں اضطراب پیدا ہوا، ہم نے ڈچ وزیر خارجہ سے پاکستانی عوام کے جذبات کا اظہار کیا۔ تحریک لبیک نے گستاخانہ خاکوں پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، اللہ کا کرم ہوگیا کہ معاملہ ٹل گیا اب درخواست ہے کہ احتجاجی قافلہ پر امن طور پرمنشتر ہوجائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی پاکستانی حکومت اور عوام کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا پیغام اور ان کی ہدایت پر وزارت خارجہ کے روابط اس کامیابی کاباعث بنے۔

اس سے قبل ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ گستاخانہ خاکوں کے مسئلے پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ذریعے اقوام متحدہ میں بات کریں گے۔