تبدیلی سرکار لاکھوں بے گھر افراد کو اپنی چھت دینے کیلئے پُرعزم ہے

اسلام آباد (اے ٹی ایم نیوز آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے 5 سال میں 50 لاکھ مکانات کے تعمیراتی پروگرام کی اونر شپ خود لینے کا فیصلہ کرلیا، متعلقہ کمیٹی کو 2 ہفتے میں حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت بھی کردی۔
وفاقی حکومت نے 5 سال میں 50 لاکھ مکانات تعمیر کرنے کے بڑے منصوبے کیلئے کوششیں شروع کردیں، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم بیٹھک لگی، 2 ہفتے میں حتمی سفارشات مانگ لیں۔
عمران خان خود سارے پروگرام کی اونر شپ لیں گے، اجلاس میں فیصلہ مطلوبہ اراضی، ضروری وسائل کی فراہمی کے آپشنز پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں سرکاری اراضی کے پی اور پنجاب کے گورنر ہاؤسز سمیت دیگر عمارتوں و املاک کی قیمتی اراضی سے خاطر خواہ مالی وسائل اکٹھے کئے جاسکتے ہیں۔
وزارت ہاؤسنگ کے حکام نے مکانات کی موجودہ صورتحال اور سالانہ طلب پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کہا 50 لاکھ مکانات بننے سے ناصرف بے گھر افراد کی رہائش کا مسئلہ حل ہوگا بلکہ روزگار کے لاکھوں موقع پیدا ہوں گے اور ہاؤسنگ سیکٹر کو ترقی بھی ملے گی۔
وزیراعظم نے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان برطانیہ کے بزنس مین انیل مسرت سے پراجیکٹ پر مشاورت کریں گے، انیل مسرت اور صاحبزادہ عامر جہانگیر مانچسیٹر سے پاکستان پہنچ گئے۔