مڈھوں کوجلاکرماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والےکاشکاروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

لاہور(اے ٹی ایم نیوزآن لائن) وزیرزراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ دھان کے کاشتکار فضائی آلودگی سے بچنے کیلئے مڈھوں کو آگ لگانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر امسال محکمہ زراعت کی ٹیمیں دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے والے واقعات کی مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کر رہی ہیں اور کسی بھی ایسے واقعہ پر متعلقہ کاشتکار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیر زراعت پنجاب نے کاشتکاروں سے اپیل کی ہے کہ اس ضمن میں عوام الناس کی فلاح کو مد نظر رکھتے ہوئے محکمہ زراعت سے تعاون کریں اور دھان کے مڈھوں کو محکمہ زراعت کے مقامی عملے سے مشورہ سے زمین میں ملا دیں تاکہ فضائی آلودگی سے بچا جائے اور زمین کی زرخیزی میں بھی اضافہ ہو سکے۔ 

وزیرزراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے مزید کہا کہ فصلوں کے جلانے سے جہاں ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہورہاہے وہیں اس کی وجہ سے لوگ مختلف اقسام کی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں،واضح رہے کہ پنجاب حکومت کا ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے افراد کیخلاف کارروائی کا یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب  پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے اور اس کا شماران دس خطرناک ممالک میں ہونے لگا ہے جو ماحولیاتی آلودگی سے سب سے زیادہ متاثرہورہے ہیں۔