پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کامعاملہ، قانونی کاروائی کا فیصلہ

لاہور(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) پنجاب اسمبلی میں گزشتہ روز بجٹ سیشن میں اپوزیشن کی طرف سے کی گئی ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں اسمبلی کے املاک کو نقصان پہنچا۔ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے معاملے پر پنجاب اسمبلی نے ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے پولیس کو خط لکھ دیا ہے ۔ خط چیف سیکورٹی آفیسر کی جانب سے پولیس کو ارسال کیاگیاہے ۔ خط میں کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری املاک کونقصان پہنچانے کے جرم میں کارروائی کی درخواست کی گئی ہے ۔ خط میں اسمبلی آفیسر کا گریبان پکڑنے اور دوسرے معاملات پر کارروائی کامطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
خط میں ارکان پنجاب اسمبلی محمد اشرف رسول ، محمد وحید ، یاسین عامر ، مرزا جاوید ، زیب النساء ، طارق مسیح گل کو نامزد کیا گیا ہے ۔ خط میں نشاندہی کی گئی کہ ٹوٹنے والے سامان میں مائیک ، ٹیبل ، کرسیاں اور دیگر سامان شامل ہے جسکی مالیت دس سے بارہ لاکھ روپے ہے۔