شاہ رخ خان خلاباز بننے کیلئے تیار

ممبئی (اے ٹی ایم نیوز آن لائن) بولی وڈ سپراسٹار شاہ رخ خان نے اپنی نئی فلم سائن کرلی ہے، جس کی شوٹنگ کا آغاز اگلے سال فروری میں ہوگا۔
شاہ رخ خان کی یہ نئی فلم بھارت کے پہلے خلاباز راکیش شرما کی زندگی پر مبنی ہے۔
رپورٹس تھی کہ اس فلم کا نام ’سلیوٹ‘ رکھا جائے گا تاہم اب خبریں ہیں کہ فلم ساز اس کا نام ’سارے جہاں سے اچھا‘ رکھنے کا ارادہ کررہے ہیں۔
اس فلم میں شاہ رخ خان راکیش شرما کا مرکزی کردار ادا کریں گے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فلم کے پروڈیوسر رونی اسکریووالا نے میڈیا کو بتایا کہ فلم کی شوٹنگ اگلے سال فروری میں ہوگی۔
اس فلم کی کہانی انجم راجابالی نے تحریر کی، جبکہ ہدایات مہیش متھائی دیں گے۔
یاد رہے کہ شاہ رخ خان سے قبل اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کی آفر عامر خان کو دی گئی تھی، تاہم انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

جبکہ عامر خان نے بعدازاں شاہ رخ خان سے درخواست کی کہ وہ ان کی جگہ اس فلم میں مرکزی کردار ادا کریں۔
جس کے بعد شاہ رخ نے عامر کی اس درخواست کو قبول بھی کرلیا۔
گزشتہ سال یہ خبریں بھی سامنے آئیں تھی کہ فلم میں دپیکا پڈوکون یا ایشوریا رائے بچن میں سے کسی ایک کو کاسٹ کیا جائے گا، تاہم اب رپورٹس ہیں کہ بھومی پڈنیکر مرکزی اداکارہ کا کردار نبھائیں گی۔

البتہ پروڈیوسر نے کہا کہ انہوں نے فی الحال کسی اداکارہ کو کاسٹ نہیں کیا، تاہم وہ جلد اداکارہ کے نام کا اعلان کریں گے۔
خیال رہے کہ راکیش شرما ہندوستان کے پہلے ایئر فورس پائلٹ تھے، جنہوں نے 1984 میں خلاء کا سفر کیا تھا۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران جب اُس دور کی ہندوستانی وزیراعظم اندرا گاندھی نے راکیش شرما سے سوال کیا تھا کہ خلاء سے ہندوستان کیسا نظر آیا تو ان کے جواب نے سب کا دل جیت لیا تھا، انہوں نے جواب میں علامہ اقبال کا شعر گنگنایا تھا کہ ’سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا‘۔

راکیش شرما ’انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائیزیشن‘ (آئی ایس آر او) اور ’سوویت انٹرکوسموس اسپیس پروگرام‘ کے مشترکہ پروگرام کے تحت خلاء میں گئے تھے۔
راکیش شرما نے خلاء میں 7 دن، 21 گھنٹے اور 40 منٹ تک قیام کیا تھا۔

راکیش شرما کی اس وقت عمر 69 برس ہوچکی ہے۔