‘صرف موٹر سائیکل نہیں، ہیلمٹ بھی دیں’، آئی جی کراچی کا فہد مصطفیٰ کو مشورہ

فائل فوٹو

کراچی (اے ٹی ایم نیوز آن لائن) ایڈیشنل انسپیکٹر جنرل (آئی جی) کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے معروف اداکار اور اینکر فہد مصطفیٰ کو موٹر سائیکلوں کے ساتھ ہیلمٹ بانٹنے کا مشورہ دے دیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ٹریفک قوانین کی پاسداری کے لیے جاری پیغام میں کہا کہ ‘عوام ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی پابندی لازمی بنائیں۔’

انہوں نے کہا کہ ‘فہد مصطفی جیتو پاکستان پروگرام کرتے ہیں اور روزانہ بڑی تعداد میں موٹر سائیکلیں بانٹتے ہیں، وہ اب موٹر سائیکلوں کے ساتھ ہیلمٹ دینا بھی شروع کردیں۔’
ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ ‘اسٹارز کے پرستار ان کو فالو کرتے ہیں اس لیے تمام پروڈکشن ہاؤسز ڈراموں، فلموں اور اشتہاروں میں ہیرو کو ہیلمٹ اور کار میں سیٹ بیلٹ پہنا ہوا دکھائیں۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘بیرون ملک کے ڈراموں فلموں میں تمام قوانین پر پابندی دکھائی جاتی ہے، اس لیے میری گزارش ہے کہ اس بات پر عمل کر کے ٹریفک قوانین پر عمل کروانے میں ساتھ دیں۔’