لاہور کی نئی خاتون ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

لاہور (اے ٹی ایم نیوز آن لائن) کیپٹن ریٹائرڈ انوارلحق ذمہ داریوں سے سبکدوش، نئی ڈی سی صالحہ سعید نےعہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا. کیپٹن ریٹائرڈ انوارلحق نے چارج نئے ڈی سی کے حوالے کیا اور ساتھ ہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر افسران کا تعارف بھی کروایا۔ نئی ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید کے والد صاحب نے چارج لینے کے بعد برکت کیلئے دعا کروائی ۔ سابق ڈی سی کیپٹن ریٹائرڈ انوارلحق کا کہنا تھا کہ شہر لاہور میں کام کر کے اچھا لگا. نئی ڈی سی کو شہر میں جاری مختلف آپریشنز کے حوالے سے دی جانیوالی بریفنگ کے متعلق بھی بتایا۔ ڈی سی لاہور صالحہ سعید کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے ملنے والے احکامات پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کریں گے۔ شہر میں تجاوزات کا خاتمہ اولین ذمہ داری ہے، غیرجانبدارانہ آپریشن جاری رہے گا۔ صالحہ سعید سے پہلے 20 جون کو تعینات ہونے والے کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق نے 4 ماہ 8 دن تک بطور ڈپٹی کمشنر لاہور خدمات سرانجام دیں۔