شہباز شریف کو اسمبلی لانے میں تاخیر، ن لیگ کا اجلاس میں بڑا اقدام

فائل فوٹو

اسلام آباد (اے ٹی ایم نیوز آن لائن) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تاخیر سے لانے پر مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا، پیپلز پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بھی ساتھ دیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں بدمزگی، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تاخیر سے قومی اسمبلی لانے پر نون لیگ کا احتجاج، ایوان سے واک آؤٹ، پیپلز پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بھی نواز لیگ کا ساتھ دیا۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شہباز شریف کے اسمبلی آنے پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں، حکومت اور اپوزیشن گاڑی کے دو پہیے ہیں، اپوزیشن ذمہ داری کا ثبوت دے۔

اس سے پہلے پارلیمنٹ بلڈنگ پہنچنے پر شہباز شریف نے شکوہ کیا کہ نیب حکام تو انہیں اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے لانا ہی نہیں چاہتے تھے، ان کے زور دینے پر اسلام آباد لایا گیا۔

نیب کے حوالے سے مبینہ انتقامی کارروائیوں کے سوال پر شہباز شریف بولے میڈیا والے بہتر سمجھتے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی آمد کے بعد سیدھے اپنے چیمبر پہنچ گئے۔