وکاس بہل کو ہریتھک روشن کی فلم سے باہرنکال دیا گیا؟

ممبئی(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) رواں ماہ 7 اکتوبر فلم بولی وڈ کے ہدایت کار وکاس بہل پران کی سابق فلم پروڈکشن کمپنی ‘فینٹم’ کی ملازم اور اداکارہ کنگنا رناوٹ نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
وکاس بہل پر یہ الزامات اس وقت لگائے گئے تھے جب کہ کاروباری پارٹنرز انوراگ کشیپ، وکرم دتیا موٹوانی اور مدھو منٹینا ‘ پروڈکشن کمپنی ‘فینٹم’ کو تحلیل کیا تھا۔ ان کے پارٹنرز نے کمپنی کو تحلیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ وکاس بہل کی خراب عادتوں سے واقف تھے، ساتھ ہی انہوں نے انہیں جنسی ملزم بھی قرار دیا تھا۔
الزامات سامنے آنے کے بعد وکاس بہل نے کاروباری پارٹنرز کے خلاف عدالت میں ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا، جس کی سماعتوں کا آغاز بھی ہوچکا ہے۔وکاس بہل پر ایسے وقت میں الزامات لگے جب وہ ہریتھک روشن کی آنے والی فلم ’سپر تھرٹی’ کی شوٹنگ میں مصروف تھے، جس وجہ سے اس فلم پر بھی اثر پڑا۔
الزامات سامنے آنے کے بعد ہریتھک روشن نے بھی یہ عندیہ دیا تھا کہ وہ ایسے شخص کے ساتھ کام نہیں کریں گے، جو خواتین کے ساتھ نازیبا رویے میں ملوث ہو۔
تاہم رواں ماہ 21 اکتوبر کو خبر سامنے آئی تھی کہ الزامات کے باوجود وکاس بہل ہی ہریتھک روشن کی فلم ’سپر تھرٹی’ کو مکمل کریں گے۔
لیکن اب خبر سامنے آئی ہے کہ وکاس بہل کو فلم کے پروڈیوسرز نے فلم سے خارج کردیا۔
مڈ ڈے نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ ’سپر تھرٹی‘ کے پروڈیوسر ساجد نڈیاڈوالا اور پروڈکشن کمپنی رلائنس انٹرٹینمنٹ فلم کے حوالے سے مزید کوئی تنازع نہیں چاہتے، اس لیے انہوں نے وکاس بہل کو فلم کی ایڈیٹنگ سے الگ کردیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلم کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے اور اب اس کی ایڈیٹنگ پر کام ہوگا، جس کے لیے پروڈیوسرز کسی دوسرے شخص کی خدمات لیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ وکاس بہل پر الزامات کے بعد انہیں فلم کی ایڈیٹنگ سے الگ کردیا گیا ہے، تاہم اب فلم کو مکمل کرنے کی ذمہ داری کس کے حوالے کی جائے گی، اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ فلم کو آئندہ برس 25 جنوری کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم ممکنہ طور پر اس کی نمائش میں تاخیر ہوسکتی ہے، لیکن فلم پروڈیوسر حتی الامکان کوشش کریں گے کہ فلم کو بر وقت ریلیز کیا جائے۔
اس فلم کے لیے وکاس بہل کی سابق کمپنی ‘فینٹم’ بھی شریک پروڈکشن کمپنی تھی، تاہم اب ممکنہ طور پر اس فلم کو صرف رلائنس انٹرٹینمنٹ کے تحت ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ ’سپر 30‘ کی کہانی ریاضی میں مہارت رکھنے والے ہندوستانی استاد آنند کمار کے گرد گھومتی ہے، جنہوں نے 30 قابل لیکن غریب طلبہ کو انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی جیسے بہترین ادارے کے داخلی امتحان کے لیے تیار کیا اور کامیاب ہوئے، وہ اس وقت اپنا تعلیمی پروگرام ’سُپر 30‘ چلا رہے ہیں۔
فلم میں ریاضی کے ماہر آنند کمار کا کردار اداکار ہریتھک روشن کرتے نظر آئیں گے۔