کراچی، رینجرز کی کارروائی سے آٹھ ملزمان گرفتار، اسلحہ قبضے میں لے لیا

فائل فوٹو

کراچی(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) رینجرز نے کراچی میں مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائیاں کیں، کارروائیاں سعود آباد، کلفٹن اور کھوکھراپار کے علاقوں میں کی گئیں۔ سعود آباد میں کارروائی کے دوران ٹارگٹ کلر طلحہٰ صدیقی کو گرفتار کیا گیا جو ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کلفٹن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان مزمل حسین عرف جادوگر اور محمد یاسر عرف چپاتی کو گرفتار کیا. گرفتار ملزمان اسلحے کے زور پر شہریوں سے لوٹ مار اور کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

کلفٹن ہی سے کارروائی میں دو منشیات فروش آصف احمد عرف شیر اور سید صادق علی عرف چھوٹا کو گرفتار کیا گیا جو علاقے میں منشیات فروشی میں ملوث ہیں،کھوکھرا پار میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان سنی، محمد راحیل احمد قریشی اور محمد بابر عرف بابر کالا کو گرفتار کرلیا جو ڈکیتی اور کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں.

ترجمان رینجرز کا مزید کہنا ہے گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہٰ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات برآمد کی گئی ہے۔ ملزمان کو مزید قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔