برازیل میں انتہائی دائیں بازو کے رہنما ژیئر بولسونارو صدر منتخب ہو گئے

ریو ڈی جنیرو(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) برازیل میں انتہائی دائیں بازو کے رہنما ژیئر بولسونارو صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ گزشتہ روز منعقدہ صدارتی انتخابات کے حتمی مرحلے میں بالسونارو کو قریب 55 فیصد ووٹ پڑے جب کہ ان کے بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے حریف پر قریب 45 فیصد عوام نے اعتماد کا اظہار کیا۔ 63 سالہ بالسونارو یکم جنوری سے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ انتخابی فتح کے بعد اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ مل کر کام کر کے برازیل کی قسمت بدلی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ بالسونارو چند ہفتے قبل ایک چاقو حملے میں زخمی ہو گئے تھے اور انہوں نے اپنی انتخابی مہم سوشل میڈیا کے ذریعے کی تھی۔