آئی فون کی ٹکر کا ‘سستا’ اینڈرائیڈ فون متعارف

نیویارک(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) ایپل کے آئی فون کی ٹکر پر تیار کیے جانے والی چینی کمپنی ون پلس کے نئے فلیگ شپ اسمارٹ فون ون پلس سکس ٹی کو متعارف کرا دیا گیا۔
نیویارک میں ایک ایونٹ کے دوران اس فون کو متعارف کرایا گیا اور کم قیمت کے ساتھ ہر وہ اہم فیچر اس کا حصہ بنایا گیا جو کہ دیگر کمپنیوں کو ٹکر دے سکے۔ ون پلس سکس ٹی میں 6.41 انچ کی او ایل ای ڈی اسکرین 19:5:9 ریشو کے ساتھ دی گئی ہے۔ پہلی بار اس کمپنی نے فنگرپرنٹ ریڈر کو اسکرین کے اندر نصب کیا ہے اور اسے اسکرین ان لاک کا نام دیا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ ڈسپلے میں نصب اب تک سب سے تیز رفتار فنگرپرنٹ ریڈر ہے۔ سکس ٹی میں کمپنی نے نوچ کو بھی پہلے کے مقابلے میں چھوٹا کیا ہے جبکہ نچلے حصے میں بیزل کا حجم بھی دیگر اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کے مقابلے میں کم رکھنے کا دعویٰ کیا۔ اس کمپنی نے پہلی بار ہیڈفون جیک کو اپنی ڈیوائس سے نکال دیا ہے جبکہ پہلے سے کچھ بڑی 3700 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے۔

کمپنی کے مطابق بیٹری لائف کو 20 فیصد بڑھایا گیا ہے اور یہ فون آدھے گھنٹے چارج پر پورا دن کام کرسکے گا۔ فون میں کوالکوم کا طاقتور اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر دیا گیا ہے، جبکہ 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے 2 آپشنز صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔
اس فون میں کمپنی نے اینڈرائیڈ پائی کا امتزاج اپنے تیار کردہ آپریٹنگ سسٹم ون پلس آکسیجن سے کیا ہے۔ اس کے بیک پر 16 اور 20 میگا پکسل کے 2 کیمرے دیئے گئے ہیں جو کہ آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن کی سہولت صارفین کو فراہم کریں گے۔
کمپنی نے نائٹ اسکیپ کے نام سے ایک نیا فیچر بھی متعارف کرایا ہے جس کا مقصد انتہائی کم روشنی میں فوٹوگرافی میں مدد فراہم کرنا ہے، اس کے علاوہ اسٹوڈیو لائٹنگ فیچر پورٹریٹ تصاویر کے لیے دیا گیا ہے۔
یہ فون نومبر کے آغاز میں مختلف ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کے سکس جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والے ورژن کی قیمت 549 ڈالرز (73 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 629 ڈالرز (83 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں صارفین خرید سکیں گے۔