اسرائیلی حکومت نے مشرقی بیت المقدس میں 20 ہزار مکانات کی تعمیر کی منظوری دے دی

فائل فوٹو

مقبوضہ بیت المقدس (اے ٹی ایم نیوز آن لائن) اسرائیل حکومت نے مشرقی بیت المقدس میں قائم ’’معالیہ ادویم‘‘ یہودی کالونی میں 20 ہزار مکانات کی تعمیر کی منظوری دے دی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طویل سیاسی بحث ومباحثے اور سیاسی مخالفت کے خدشات کے بعد اسرائیلی حکومت نے’’معالیہ ادومیم‘‘ میں گھروں کی تعمیر کی منظوری دیدی، یہودیوں کے لیے ان مکانات کی تعمیر کی منظوری وزارت ہاؤسنگ اور معالیہ ادومیم بلدیہ نے مشترکہ طورپر دی۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی سیاسی جماعتیں پہلے ہی 470 مکانات کی تعمیر کی منظوری دے چکی ہیں۔

مجموعی طورپر اسرائیلی حکومت القدس میں یہودیوں کو بسانے کے لیے 20 ہزار مکانات تعمیر کرائے گی۔اسرائیلی وزیر برائے آباد کاری یوآف گیلنٹ معالیہ ادومیم میں گھروں کی تعمیر کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے معالیہ ادومیم میں یہودیوں کی تعداد میں اضافے کی راہ ہموار کی جاسکے گی۔