سری نگر، نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، 5 بھارتی فوجی زخمی

فائل فوٹو

سری نگر(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بی ایس ایف عہدیدار نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ شام 6 بجے سری نگر کے علاقے پنتھا چوک میں مسلح افراد نے بی ایس ایف کی پٹرولنگ گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس میں سوار 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔

ادھر ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی جی سی آر پی ایف روی دیپ سنگھ ساہی کا کہنا تھا ’معاملات اب کنٹرول میں ہیں، آج شام6 بجے بی ایس ایف ہیڈکوارٹر کے قریب ڈیوٹی سے واپس جانے والی 2 گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 سے 5 اہلکار زخمی ہوئے‘۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔