خاتون افسر نے راجہ ریاض کا چالان کردیا

فیصل آباد(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) موٹر وے پر تیز رفتاری کے سبب خاتون پیٹرولنگ آفیسر نے وفاقی پارلیمانی سیکریٹری راجہ ریاض کی گاڑی کا چالان کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق موٹر وے پر تیز رفتار گاڑی چلانے پر وفاقی پارلیمانی سیکریٹری و تحریک انصاف کے رہنما راجہ ریاض کا 750 روپے کا چالان ہوگیا۔ چالان پنڈی بھٹیاں کے قریب اس وقت ہوا جب راجہ ریاض کی گاڑی 132 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مسافت طے کررہی تھی۔
راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ گاڑی ڈرائیور چلا رہا تھا اور میں نے قانون کے مطابق جرمانہ ادا کردیا۔ موٹر وے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی پارلیمانی سیکریٹری کا چالان خاتون پیٹرولنگ آفیسر عظمی شہزادی نے کیا۔
اعلیٰ حکومتی عہدے دار کا چالان کرنے پر آئی جی موٹر وے نے خاتون پیٹرولنگ آفیسر عظمی شہزادی کو 5 ہزار روپے نقد اور تعریفی سرٹیفکیٹ بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔