شہباز زرداری ملاقات میں کیا ہوا؟ احسن اقبال نے بتا دیا

اسلام آباد(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ شہبازشریف اورآصف زرداری کے درمیان پارلیمنٹ کی لابی میں ملاقات ہوئی، دونوں رہنماﺅں نے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا، سیاسی جماعتوں کیلئے ضروری ہے کہ آپس میں تعلقات رکھیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ شہبازشریف اور آصف زرداری کے درمیان پارلیمنٹ کی لابی میں ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں رہنماﺅں نے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے لئے ضروری ہے کہ ہم آپس میں تعلقات کررکھیں۔ بیگم کلثوم نوازکا چہلم گزرنے کے باوجود نوازشریف اور مریم نواز کی خاموشی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ جن حالات میں بیگم کلثوم نوازکی رحلت ہوئی اور قید کے دوران نوازشریف کوان کے انتقال کی خبر ملی ،نواز شریف کے دل پر اس کا بہت اثر بھی ہے اور وہ ابھی تک اسی سوگواری کی کیفیت سے گزر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اگرچہ زیادہ فعال نہیں ہیں لیکن وہ سیاسی قائدین سے ملاقاتیں کررہے ہیں اور آہستہ آہستہ فعال ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ ہم حکومت کو عوام کے سامنے بے نقاب ہونے کا موقع دینا چاہتے ہیں اور ہم یہ نہیں چاہتے کہ ہماری سرگرمیوں کے پیچھے حکومت کواپنی ناکامیا ں چھپانے کا موقع ملے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کچھ دنوں تک رفتہ رفتہ اپنی سرگرمیوں کوبڑھائیں گے ، اس وقت یہ تجویز چل رہی ہے کہ کیاوہ وقت آگیاہے کہ اپوزیشن جماعتیں آل پارٹیز کانفرنس بلائیں اور اپنی سرگرمیاں شروع کریں؟