فلیگ شپ ریفرنس ، نوازشریف آج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے

اسلام آباد(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت آج ہوگی جہاں ان کے وکیل آج بھی واجد ضیاء پر جرح جاری رکھیں گے۔ سابق وزیراعظم کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کریں گے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف عدالت میں پیش ہوں گے جبکہ ان کے وکیل استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء پر آج بھی جرح کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ عدالت میں گزشتہ روز سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء کا کہنا تھا کہ ایم ایل اے میں یو اے ای حکام سے قانونی سوالات پوچھے تھے۔ خواجہ حارث نے دریافت کیا تھا کہ کیا یہ درست ہے پہلا سوال کوئی قانونی نہیں بلکہ حقائق سے متعلق تھا۔
واجد ضیاء کا کہنا تھا کہ جی یہ درست ہے پہلے سوال میں صرف حقائق پوچھے تھے۔ دوسرا سوال بھی حقائق سے متعلق تھا۔ قانونی سوالات باہمی قانونی تعاون کے تحت خط وکتابت کے تناظر میں کہے۔ نوازشریف کے وکیل نے دریافت کیا تھا کہ نیب قوانین کی کس شق کے تحت آپ نے یہ ایم ایل اے بھیجا؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے سوالات گواہ سے نہیں پوچھے جا سکتے۔