نیوزی لینڈ میں6.1 شدت کا زلزلہ ، برطانوی شاہی جوڑا محفوظ

ویلنگٹن (اے ٹی ایم نیوز آن لائن) نیوزی لینڈ کا شمالی جزیرہ آج 6.1 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا، زلزلے کے جھٹکے ویلنگٹن میں پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران بھی محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز تاؤمارونوئی (Taumarunui) شہر سے 25 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا، جس کی گہرائی 227 کلومیٹر تھی۔
واضح رہے کہ ابتدا میں زلزلے کی شدت 6.2 بتائی گئی تھی، تاہم بعد میں اسے 6.1 قرار دیا گیا۔زلزلے کے باعث ویلنگٹن میں پارلیمنٹ کی کارروائی معطل کرنی پڑ گئی۔نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسیکا آرڈن نے بھی ٹوئٹر پر زلزلے کے حوالے سے پیغام شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔


نیوزی لینڈ میں زلزلوں کی پیمائش کرنے والے ادارے جیو نیٹ کا کہنا ہے کہ تقریباً 15 ہزار 600 لوگوں نے زلزلے کے کم یا زیادہ جھٹکے محسوس کیے۔ تاہم حکام کے مطابق زلزلے میں کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی سونامی کا خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل بھی اِن دنوں نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں موجود ہیں۔
حکام کے مطابق آکلینڈ میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس وقت زلزلہ آیا شہزادہ ہیری اور شہزادی میگھن ایک ایونٹ میں موجود تھے اور وہ دونوں بالکل محفوظ ہیں۔ واضح رہے کہ شاہی جوڑا اس وقت پیسیفک ٹور پر ہے، جس کے دوران وہ آسٹریلیا، فجی اور ٹونگا کا بھی دورہ کرے گا۔