گرلز اسکولوں میں مردوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی

پشاور(اے ٹی ایم نیوز آن لائن ) خیبر پختونخوا حکومت نے گرلزاسکولوں میں مردوں کے داخلے اور خواتین کھیلوں کے مقابلوں میں مردوں کی بطور مہمان خصوصی شرکت پر پابندی کا اعلامیہ جاری کر دیا۔ اعلامیہ کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے گرلز اسکولوں میں مردوں کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے، کسی وزیر یا رکن پارلیمنٹ کو گرلز اسکولوں کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی مدعو نہیں کیا جائے گا۔خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پابندی کا اطلاق صوبہ بھر کی تمام زنانہ تعلیمی اداروں پر فوری طور پر ہوگا، اعلامیہ کے مطابق گرلز اسکولوں کی تقریبات میں صرف خواتین اراکین پارلیمنٹ شرکت کرسکیں گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گرلز تعلیمی اداروں کی تقریبات کی میڈیا کوریج پر بھی مکمل پابندی ہوگی ، دریں اثناءڈائریکٹر اسپورٹس خیبر پختونخوا جیند خان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر خواتین کھیلوں کے مقابلوں میں مردوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ڈی جی سپورٹس جنید خان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق میڈیا پر خواتین اسپورٹس کی کوریج پر کوئی پابندی نہیں ہوگی جبکہ کھیلوں کے مقابلوں میں خواتین ایم پی ایز کو مہمان خصوصی کے طور پر بلایا جائے گا۔