معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے صوبائی ہم آہنگی ضروری ہے ، وزیر خارجہ

اسلام آباد(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسرائیلی طیارے کی خبر من گھڑت، لغو اور بے بنیاد ہے، اسرائیلی طیارے کی آمد کی خبر کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران یہ بھی کہا کہ پاکستانی فوج یمن بھیجنے سے متعلق سعودی عرب نے کوئی شرط نہیں لگائی۔انہوں نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ کورم پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، چیف وہپ کو کہا ہے کہ کورم پورا رکھیں،معیشت سب کا مسئلہ ہے، اس پر بھی سیر حاصل بحث ہونی چاہیئے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ نون کی سابق حکومتوں کو معاشی مشکلات پر آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا تھا، اس وقت مالی خسارہ 6 اعشاریہ 2 فیصد ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ قرضوں پر سود کی ادائیگی مشکل ہو گئی ہے، قرضے 30 ہزار ارب تک پہنچ جائیں تو سود کی ادائیگی بہت مشکل ہو جاتی ہے، ملک کو معاشی بحران سے نکالنا سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے صوبائی ہم آہنگی ضروری ہے، ہمیں میثاق معیشت پر اتفاق کرنا ہوگا، معیشت کی موجودہ صورت حال کے ہم سب ذمہ دار ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مجھے اسحاق ڈار نے ماضی میں کئی مرتبہ کہا کہ ہماری اکنامی ایسی ہے جہاں ہمیں چارٹر آف اکنامی کی ضرورت ہے جس طرح جمہوریت کی بحالی کیلئے چارٹر آف ڈیموکریسی کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرناہوں گا اور اگر ان پاس تجاویز ہیں تو وہ حکومت کو دیں ہم ان پر مشاور کریں گے ۔ان کا کہناتھا کہ موجودہ حکومت کو بھی گزشتہ حکومتوں کی طرح خسارے کا سامنا ہے ، ن لیگ کو بھی حکومت میں آنے کے بعد بیل آوٹ پیکج لینا پڑا تھا ، معاشی صورتحال پر سابق حکومتوں کو بھی آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا ۔