اعظم سواتی کے بیٹے اور فریقین کے درمیان راضی نامہ ہوگیا

اسلام آباد(اے ٹی ایم نیوز آن لائن ) اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی کی طرف سے درج مقدمے میں فریقین کے درمیان راضی نامہ ہو گیا، جس کے بعد اسلام آباد کی عدالت نے واقعے میں ملوث ملزمان کی دس 10 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کی ضمانت پر رہائی کاحکم دے دیا۔ فارم ہاؤس میں گائے گھسنے کے معاملےپر اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی کی جانب سے تھانہ شہزاد ٹاؤن میں مقدمہ درج کرانے کے بعد پولیس نے کچھ گرفتاریاں بھی کی۔جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے فریقین کے درمیان راضی نامے کے بعد ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔
اس موقع پر عثمان سواتی نے صلح کے معاملات سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی سادہ معاملہ تھا ، دو فیمیلیز کا آپس میں جھگڑا ہواہے، ایک ہمارے ملازم کی فیملی تھی دوسرے یہ لوگ تھے، اس معاملے میں اعظم سواتی کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لڑائی جھگڑے سے میرا یا میرے خاندان کا کوئی تعلق نہیں ہے، مجھ سے غلطی یہ ہوئی کہ میں درخواست گزار بن گیا اور ملازمین کو آگے نہیں کیا۔واضح رہے کہ اس معاملے پر وزیر اعظم کی جانب سے آئی جی اسلام آباد کا بھی تبادلہ کیا گیا جس پر گزشتہ روز سپریم کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کا نوٹی فکیشن معطل کردیا تھا۔