صدرپاکستان سے ترک صدر کی غیررسمی ملاقات، دوطرفہ باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال

انقرہ (اے ٹی ایم نیوز آن لائن) صدرعارف علوی نے ترک صدرطیب اردوگان سے غیررسمی ملاقات کی، ملاقات میں صدر نے تقریب میں پاکستان کی بھرپور پذیرائی پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق انقرہ صدرعارف علوی کی ترک صدرطیب اردوگان سے غیررسمی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر نے تقریب میں پاکستان کی بھرپور پذیرائی پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا جبکہ ترک صدر نے تقریب میں پاکستان کی اعلیٰ قیادت کی شرکت پر صدر کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل صدرمملکت نے میڈیا کے نمائندوں کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا ترکی مسلم دنیا کا اہم ترین ملک ہے، پاک ترک عوام کےگہرے بردرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں، امن اور استحکام کیلئے دونوں ملکوں نے بے پناہ کاوشیں کیں۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کودہشت گردی کے ناسور نے بہت نقصان پہنچایا، دہشت گردی کے باعث 70 ہزار انسانی جانوں، اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، پاکستان اور ترکی نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں۔
صدرمملکت نے مزید کہا تھا کہ حکومت کم آمدن طبقے کیلئے 50 لاکھ گھروں کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، ہاؤسنگ کے شعبے میں ترک تجربات سے استفادہ چاہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دنیا بھرکےملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے اور چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔