ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات، 50 لاکھ گھروں کی تعمیر میں تعاون کی پیشکش

اسلام آباد(اے ٹی ایم نیوز‌ آن لائن) ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے وفد نے وزیراعظم عمران خان کو50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں تعاون کی پیشکش کردی، وزیراعظم نے میمن برادری کی ملکی تعمیروترقی میں خدمات کی تعریف کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے وفد کی ملاقات ہوئی. وفد کی قیادت سی ای او اور صدر نجی نیوز نیٹ ورک سلمان اقبال نے کی، گروپ چیئرمین حاجی جان محمد اور ڈبلیو ایم او کے صدرسلیمان نور بھی شامل تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے سلمان اقبال کی قیادت میں آئے وفد کا پر تپاک استقبال کیا جبکہ وفد کی جانب سے عمران خان کو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی گئی۔

وفد نے یکم نومبر کو کراچی میں ہونے والے ورلڈ میمن کنونشن کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا آپ کی قیادت پاکستان اور مسلم امہ کے لیے امید کی کرن ہے۔

وزیراعظم نے میمن برادری کی جانب سے ملکی ترقی میں کی گئی کاوشوں کو سراہا۔
وفد کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں میمن برادری آپ کے وژن کوعملی جامہ پہنانے میں کردارچاہتی ہے، میمن برادری صحت، تعلیم اور سوشل سروسز میں خدمات کیلئے تعاون چاہتی ہے۔
ورلڈمیمن آرگنائزیشن کے وفد نے وزیراعظم کو50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں بھی تعاون کی پیشکش کی اور کہا میمن کمیونٹی آئی ٹی شعبے میں انکیوبیشن سینٹرز کے قیام کا پلان پیش کرے۔

وزیر اعظم عمران خان نے میمن برادری کی ملکی تعمیر و ترقی میں خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا میمن برادری نے میڈیا، بینکنگ، بزنس شعبے میں نمایاں کامیابیاں سمیٹیں، توانائی، زراعت، خوراک کےشعبوں میں سرمایہ کاری قابل تعریف ہے۔

وفد نے وزیراعظم کو ملک میں تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ملک بھرمیں اسکول، کالجز اور صحت کے شعبے میں خدمات انجام دینے کا موقع دیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میمن برادری ملک کے تمام بڑے شعبوں میں بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے، تعلیم صحت سمیت دیگرشعبوں میں میمن برادری کو مواقع فراہم کریں گے، ترقی، سوشل سروسز کیلئے میمن کمیونٹی کے تجربے سے استفادہ کریں گے۔

عمران خان نے مزید کہا حکومت بے سہارا اور نادار افراد کیلئےمنصوبوں پر غور کر رہی ہے، حکومتی زمین پر مسافروں کے لیے شیلٹر بنانے کا منصوبہ ہے، ایسے منصوبے کا آغاز کراچی سے بھی کیا جاسکتا ہے۔