بالی وڈ فلم ‘فیشن’ کے سیکوئل کی تیاریاں شروع

سکرین شارٹ

ممبئی (اے ٹی ایم نیوز آن لائن) بولی وڈ کی کوئین کنگنا رناوٹ یوں تو آج کل اپنی آنے والی فلم ‘منی کارنیکا: دی کوئین آف جھانسی’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
جب کہ بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا ان دنوں اپنی شادی کی تیاریوں میں ہیں، تاہم ان دونوں کی ماضی کی مقبول فلم ‘فیشن’ کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ فلم ساز اس کا سیکوئل بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

جی ہاں، 2008 میں ریلیز ہونے والی کنگنا رناوٹ اور پریانکا چوپڑا کی فلم ‘فیشن’ کا سیکوئل بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔
’فیشن‘ کے ہدایت کار مدھر بھنڈارکر اگرچہ اپنی فلموں کا سیکوئل نہ بنانے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں، تاہم انہوں نے اپنی اس فلم کا سیکوئل بنانے کا عندیہ دیا ہے۔


ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے مدھر بھنڈارکر نے بتایا کہ فیشن 2 کا خیال تیار ہے، تاہم ابھی اس پر کام ہونا باقی ہے۔
مدھر بھنڈارکر نے وضاحت کی کہ ان کے ذہن میں فیشن کے حوالے سے چند کہانیاں موجود ہیں، جنہیں فیشن کے سیکوئل میں دکھایا جا سکتا ہے۔

ہدایت کار نے بتایا کہ ان کے ذہن میں موجود کہانیاں فیشن کی حقیقی دنیا سے وابستہ ہیں، کیوں کہ انہوں نے فلموں میں ہمیشہ حقیقی واقعات کو ترجیح سے دکھایا۔
مدھر بھنڈارکر نے بتایا کہ انہوں نے فلم کی کہانی لکھنے پر کام شروع کردیا ہے اور اس حوالے سے ابتدائی کام مکمل بھی کرلیا ہے اور جلد ہی وہ اس حوالے سے کام کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔

یہ پہلا موقع ہو گا کہ مدھر بھنڈارکر اپنی مقبول فلم کا سیکوئل بنائیں گے، انہوں نے 2001 کی ’چاندنی بار‘ 2005 کی ’پیج تھری‘ اور 2006 ’کارپوریٹ‘ جیسی فلمیں بنائیں، تاہم انہوں نے کسی کا بھی سیکوئل نہیں بنایا۔

تاہم اب وہ فیشن کا سیکوئل بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس کے ذریعے بھی وہ فیشن کی چمکتی دمکتی دنیا میں ہونے والے حقیقی واقعات کو سامنے لانے کے خواہاں ہیں۔

ہدایت کار نے اگرچہ یہ نہیں بتایا کہ سیکوئل میں وہ کن کو کاسٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ سیکوئل میں فیشن انڈسٹری میں اہم حیثیت رکھنے والی اداکاراؤں کو کاسٹ کریں گے۔
پہلے فلم میں جہاں انہوں نے کنگنا رناٹ اور پریانکا چوپڑا کو کاسٹ کیا تھا، وہیں اس فلم میں مگدھا گوڈسے، ارباز خان، سمیر سونی، اشون مشرن اور کتو گدوانی جیسی اداکاراؤن کو کاسٹ کیا تھا۔

اگرچہ مدھر بھنڈارکر نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کب تک فلم کی شوٹنگ کا آغاز کریں گے، تاہم امکان ہے کہ آئندہ برس کے وسط تک فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا جائے گا۔