خیبر پختون خواہ، ایک اور صحافی کو دو سالہ بچے سمیت سرعام گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا

چارسدہ (اے ٹی ایم نیوز آن لائن) چارسدہ میں آج صبح چار افراد کو جرگہ کے دوران گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا جن میں دو سال کا بچہ بھی شامل تھا تاہم اب ان کی شناخت ہو گئی ہے جو چارسدہ پریس کلب کے جنرل سیکریٹری اور سینئر صحافی تھے۔
تفصیلات کے مطابق شیراپاﺅ کے علاقے تلہ شاہ میں گھریلوے تنازع کو حل کرنے کیلئے جرگے کا انعقاد کیا گیا تھا اس دورا ن ملزم آصف جمال نے فائرنگ کر دی جس کے باعث صحافی احسان شیرپاﺅ اور بچے سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو ڈسٹرک ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مبینہ قاتل کے حوالے سے یہ اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں کہ اس نے حال ہی میں اپنی اہلیہ کو بھی گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔
پولیس کا کہناہے کہ مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور تلاش جاری ہے ۔ احسان شیرپاﺅ چارسدہ کے جانے مانے صحافی ہیں جبکہ وہ چارسدہ پریس کلب کے جنرل سیکریٹری بھی ہیں۔ چارسدہ میں صحافی برادری کی جانب سے سخت تحفظات کا اظہار کیا جارہاہے اور جلد از جلد قاتل کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔