نیویارک کے دریائے ہیڈسن سے 2 سعودی بہنوں کی لاشیں برآمد

نیویارک (اے ٹی ایم نیوز آن لائن) امریکہ میں سعودی قونصل خانہ نے واضح کیا ہے کہ نیویارک میں دریائے ہیڈسن کے ساحل پر پائی گئی 2 سعودی بہنوں کی لاشوں کی گتھی سلجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ 2 لاشوں میں سے ایک 16 سالہ اور دوسری 22 سالہ لڑکی کی ہے۔ یہ دونوں نیویارک سے 250 میل دور ریاست ورجینیا کے فیرفکس مقام پر سکونت پذیر تھیں۔ دونوں کی لاشیں ایک دوسری سے بندھی ہوئی تھیں۔ دونوں کامل لباس میں تھیں۔ ان کے جسم پر زدوکوب کا کوئی نشان نظر نہیں آیا۔ ابھی تک موت کا سبب معلوم نہیں ہو سکا تاہم پولیس کا خیال ہے کہ دونوں نے جارج واشنگٹن پل سے دریا میں چھلانگ لگا کر خود کشی کی ہو گی۔ نیویارک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ ہی سے موت کا سبب متعین ہو سکے گا۔ سعودی قونصل خانہ معاملے کی پیروی کر رہا ہے۔