چہلم امام حسین، گلگت میں عزاداروں کی ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے 24 بچے زخمی

فائل فوٹو

گلگت(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) چہلم حضرت امام حسین کے جلوس میں شرکت کے لیے ٹریکٹر ٹرالی پر سفر کرنے والے عزاداروں کو حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجے میں 24 بچے زخمی ہوگئے، جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کے مطابق جوتل گاؤں سے بچوں کی ایک قابل ذکر تعداد ٹریکٹر ٹرالی پر سوار ہو کر گلگت آتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئی۔
حادثے کے نتیجے میں 8 سے 15 سال کے 24 بچے زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کو علاج کے لیے گلگت کے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ہسپتال گلگت کے حکام کے مطابق اکثر بچوں کے بازوں، سر اور ٹانگوں پر چوٹیں آئیں جبکہ 4 بچوں کا آپریشن بھی کیا گیا جو شدید زخمی ہیں۔
زخمی بچوں کا کہنا تھا کہ خطرناک ڈھیلان پر ڈرائیور نے انجن بند کر کے ٹریکٹر کو نیوٹرل گیر میں کردیا جس سے ٹرالی الٹ گئی۔