سنیل گروور کا ایک بار پھر چھوٹی سکرین پر آنے کا فیصلہ

فائل فوٹو

ممبئی(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) معروف کامیڈین واداکار سنیل گروور نے ایک بار پھر چھوٹی سکرین پر واپسی کا فیصلہ کیا ہے اور وہ جلد ایک پروگرام میں دکھائی دیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے کامیاب ترین کامیڈی پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ میں ڈاکٹر گلاٹی کے کردار سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے کامیڈین سنیل گروور ان دنوں بالی ووڈ سلطان سلمان خان کے ساتھ فلم ’بھارت’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں لیکن ان کی اصل پہچان چھوٹی سکرین ہی ہے جسے وہ چھوڑنا نہیں چاہتے یہی وجہ ہے کہ کامیڈین نے ایک بار پھر چھوٹی سکرین پر واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سنیل گروور فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ مکمل کرتے ہی ایک نئے پروگرام کے ساتھ چھوٹی سکرین پر واپس آرہے ہیں اور اس حوالے سے ان کا نجی ٹی وی سے معاہدہ بھی ہوگیا ہے، یہ ایک منی سیریز ہوگی جس میں پہلے مرحلے میں 14 پروگرامز ویک اینڈ پر نشر ہوں گے، معروف کامیڈین سدیش لہری بھی سنیل گروور کے ہمراہ مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھریں گے۔