شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 6 نومبر تک توسیع

اسلام آباد(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) اسلام آبادکی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب، مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 6نومبر تک توسیع کر دی۔ شہبازشریف کو نیب نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا،جج محمدبشیر نے شہبازشریف کے راہداری ریمانڈ میں توسیع کی۔اس سے قبل احتساب عدالت کے جج نے شہباز شریف سے استفسار کیا کہ آپ کو یہاں کون لایا ہے؟شہباز شریف نے جواب دیا کہ جج صاحب، مجھے نیب والے لے کر آئے ہیں ۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ سیشن کب تک ہے؟تفتیشی افسرنے انہیں بتایا کہ شہباز شریف 7 نومبر تک جسمانی ریمانڈ پر ہیںاسی روز انہیں احتساب عدالت لاہور میں پیش کرنا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جسمانی ریمانڈ میں صرف متعلقہ احتساب عدالت ہی توسیع کرسکتی ہے۔