آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ، امیرمقام نیب کے سامنے پیش

پشاور(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں پیشی کے لیے نیب خیبرپختونخوا کے ہیڈکوارٹر پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صوبائی صدرامیرمقام آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں آج پشاور میں نیب کے دفتر پیشی کے لیے پہنچ گئے۔امیرمقام پرآمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے اور نیب میں یہ ان کی تیسری پیشی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سماعت پر امیر مقام نے نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب نے ایک فارم دیا ہے جس میں اثاثوں کی تفصیل بتانی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا تھا کہ نیب کو مذکورہ کیس میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور پوری تفصیل دی جائے گی کہ ہمارا تعمیرات کا کاروبار ہے اور اس پیشے سے 1989 سے وابستہ ہیں۔امیر مقام نے اپنے اثاثوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے اثاثوں کی مالیت اربوں روپے ہے جو کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق نیب کی تحقیقات جاری ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ اس کیس میں بری ہوجائیں گے۔