نقیب کیس، مفرور ملزمان سے متعلق حتمی رپورٹ جمع

کراچی (اے ٹی ایم نیوز آن لائن) نقیب اللہ سمیت 4 افراد کے قتل کیس میں تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان کی حتمی رپورٹ جمع کرواتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دینے کے لیے کارروائی کی اجازت مانگ لی۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نقیب اللہ سمیت 4 افراد کے قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر ڈاکٹر رضوان نے مفرور ملزمان کی حتمی رپورٹ جمع کرا دی،رپورٹ کے مطابق کیس میں سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت، شعیب شوٹر سمیت 12 ملزمان روپوش ہیں اور ان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے گئے ہیں۔رپورٹ میں استدعا کی گئی کہ مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی اجازت دی جائے۔عدالت نے موقف دیا کہ مقدمہ دوسری عدالت منتقل کرنیکی درخواست ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، جب تک ہائیکورٹ اپنا فیصلہ نہیں سنا دیتی عدالت مقدمہ نہیں چلاسکتی۔اس موقع پر عدالت نے کیس کی سماعت 19نومبر تک ملتوی کر دی۔