سندھ، صوبہ بھر میں 10 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں 10 روز کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، جلسے، جلوس، ریلیوں اور 4 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی—۔فائل فوٹو

کراچی(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو سپریم کورٹ کی جانب سے بری کیے جانے کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے ہونے والے احتجاج کے پیش نظر سندھ بھر میں 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں 10 روز کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کا عکس—۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور 4 سے زائد افراد کے اجتماع پر بھی 10 روز کے لیے پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اس دوران صوبے میں اسلحہ لے کر چلنے پر بھی پابندی ہوگی۔

تاہم صحافی، پولیس اہلکار، قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں، سیکیورٹی گارڈز اور رجسٹرڈ پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیوں کے اہلکار اپنی ڈیوٹی کے اوقات کے دوران اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

واضح رہے کہ آسیہ بی بی کو بری کیے جانے کے خلاف کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے باعث لیاری ایکسپریس وے کراچی اور حیدرآباد کے دونوں روٹس کو بند کردیا گیا ہے۔