آل پارٹیز کانفرنس، مولانا فضل الرحمٰن نے یو ٹرن لے لیا

فائل فوٹو

اسلام آباد(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے فوری طور پر اے پی سی بلانے کا فیصلہ مؤخر کردیا۔
مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اے پی سی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹی آو آرز طے کرنے پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پارٹی اجلاس میں تجویز دی گئی کہ اپوزیشن کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بلالیں جس میں ٹی او آرز طے کرلیے جائیں، پارٹی قیادت کی موجودگی میں اے پی سی کانفرنس ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف سے پارٹی کی سطح پر رابطہ کررہے ہیں، پارٹی فیصلے سے متعلق (ن) لیگی قیادت کوآگاہ کردیا جائے گا، پارلیمان میں شہبازشریف،آصف زرداری اور بلاول بھٹو شامل ہیں۔

ایک صحافی کے سوال پر کہ آپ نے جلد بازی کی یا اپوزیشن کے پاس وقت نہیں؟ مولانا فضل الرحمان نے جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا پیغام دونوں جماعتوں تک پہنچا دیا ہے۔

واضح رہےکہ مولانا فضل الرحمان نے آج (31 اکتوبر) کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا تھا لیکن میاں نوازشریف اور شہبازشریف نے اس میں شرکت سے انکار کردیا۔