کوئٹہ، بچوں کے ساتھ ریپ کا معاملہ، سابق کانسٹیبل کو 2 مرتبہ سزائے موت

فائل فوٹو

کوئٹہ(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی عدالت نے بچوں کے ریپ میں ملوث مجرم کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے 2 مرتبہ سزائے موت سنا دی۔
مذکورہ کیس کا فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج محمد علی مبین نے سنایا۔

پولیس نے مجرم طیب رضا کاظمی کو بچوں کے ریپ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے 3 بچوں کا ریپ کیا تھا اور اس حوالے سے مقدمات 2015 میں درج کیے گئے تھے۔
پولیس نے بچوں کے والدین کی شکایت پر ملزم کو اسی سال گرفتار کرلیا تھا۔

خیال رہے کہ ملزم پولیس کانسٹیبل تھا جبکہ کیس کی سماعت 3 سال تک جاری رہی۔
عدالت نے فراہم کردہ ثبوتوں پر ملزم پر فرد جرم عائد کی تھی اور عدالت کی جانب سے مجرم قرار دیئے جانے کے بعد پولیس نے انہیں کوئٹہ کی ضلعی جیل میں منتقل کردیا تھا۔

گزشتہ روز پشاور کی سیشن عدالت نے نجی اسکول کے پرنسپل کو بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی، ریپ انہیں زدو کوب کرنے اور قابل اعتراض ویڈیوز بنانے کے جرائم میں ملوث ہونے پر 105 سال قید کی سزا سنادی تھی

سیششن جج یونس خان نے مجرم عطااللہ خان پر 10 لاکھ 40 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔
واضح رہے کہ مذکورہ پرنسپل کو حیات آباد پولیس نے ایک طالب علم کی جانب سے 14 جولائی 2017 کو جمع کرائی جانے والی درخواست کے بعد گرفتار کیا تھا۔۔