اداکارہ روحی بانو لاپتہ ہو گئیں

فائل فوٹو

لاہور (اے ٹی ایم نیوز آن لائن) اپنے وقت کی سپر اسٹار اداکارہ روحی بانو لاپتہ ہوگئیں، کہاں گئیں کوئی بتانے کو تیار نہیں، نہ نفسیاتی اسپتال میں ہیں نہ اپنے گھر اور نہ ہی بہن کے گھر والوں کو کوئی عِلم ہے۔

اعلیٰ تعلیم یافتہ اور صدارتی تمغہ برائے حُسن کارکردگی حاصل کرنے والی روحی بانو کئی برسوں سے نفسیاتی مرض اور مالی مسائل کا شکار ہیں۔

روحی بانو کی زندگی دکھوں سے بھری پڑی ہے، ازواجی زندگی میں بے سکونی کیا کم تھی کہ اکلوتے بیٹے علی کے قتل سے گویا زندگی کی تمام رعنائیاں ہی چھِن گئیں اور فاؤنٹین ہاؤس روحی بانو کا مسکن بن گیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق روحی بانو نفسیاتی مرض شیزوفرینیا میں مبتلا ہیں اور فاؤنٹین ہاوس میں علاج کیلئے آتی جاتی رہی ہیں اور ایک کمرہ ان کیلئے ہمیشہ مختص رہتا ہے۔

روحی بانو کوایک سال قبل ان کی بہن فاونٹین ہاؤس سے اپنے گھر لے گئیں تھیں اور تب سے روحی بانو کا کسی کو کچھ علم نہیں۔

لاہور کے علاقے گلبرک تھری میں روحی بانو کا اپنا گھر ہےجو کھنڈر میں تبدیل ہو چکا ہے۔

فاؤنٹین ہاؤس انتطامیہ کے مطابق روحی بانو کو ان کی بہن روبینہ گلبرگ میں واقع اپنے گھر میں لے آئی تھیں اور اب روحی بانو کے بارے میں ان کی بہن ہی بہتر بتا سکتی ہیں، جو اس وقت کچھ بھی بتانے کو تیار نہیں۔