بیشتر پاکستانی انٹرنیٹ کے بارے میں نہیں جانتے، رپورٹ

اسلام آباد (اے ٹی ایم نیوز آن لائن ) سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 15 سے 65 سال کے 69 فیصد صارفین انٹرنیٹ کے بارے میں نہیں جانتے ہیں۔
انفارمیشن کمیونکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) پر تحقیق کرنے والے سری لنکا میں مقیم تھنک ٹینک لرنے ایشیا کی جانب سے کیے گئے سروے میں یہ حقائق سامنے آئے۔
اس سروے میں پاکستان کے 2 ہزار کے قریب گھرانوں سے سوالات کیے گئے تھے۔
لرنے ایشیا نے دعویٰ کیا کہ سیمپلنگ کا طریقہ کار اس طرح سے بنایا گیا تھا کہ پاکستان کی 15 سے65 سال عمر کی 98 فیصد آبادی کی نمائندگی حاصل ہوسکے۔
اکتوبر سے دسمبر 2017 کے درمیان ہونے والے اس سروے کا مقصد یہ جاننا تھا کہ صارفین آئی سی ٹی کو استعمال کرتے ہیں یا نہیں۔
لنرے ایشیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلانی گلپایا نے رپورٹ میں بتایا کہ ’پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی ویب سائٹ کے مطابق ملک میں 15 کروڑ 20 لاکھ صارفین ہیں تاہم سم رجسٹریشن کے بہترین نظام کے باوجود صارفین کے حوالے سے کوئی بات نہیں بتائی گئی ہے کہ وہ مرد ہیں یا خواتین، غریب ہیں یا امیر جس کی وجہ سے رسائی کے خلا کو سمجھنے میں مشکلات بھی ہیں‘۔
اس تحقیق میں نشاندہی کی گئی کہ انٹرنیٹ کے حوالے سے آگاہی نہ ہونا پاکستان سمیت ایشائی ممالک میں بڑا مسئلہ ہے جہاں 15 سے 65 سال کی عمر کی صرف 30 فیصد آبادی انٹرنیٹ کے بارے میں جانتی ہے (ان سے صرف اتنا سوال کیا گیا تھا کہ کیا آپ انٹرنیٹ کے بارے میں جانتے ہیں اور اس کی مزید وضاحت نہیں طلب کی گئی تھی)۔
تحقیق کے مطابق 17 فیصد نے دعویٰ کیا کہ وہ انٹرنیٹ کو استعمال کرتے ہیں جبکہ نہ استعمال کرنے والوں کو اس حوالے سے کوئی آگاہی نہیں تھی۔
پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین میں شہری-دیہی خلا ایشیائی ممالک میں کیے گئے سروے میں سب سے کم، 13 فیصد رہی۔
پاکستانی خواتین مردوں کے مقابلے میں 43 فیصد کم انٹرنیٹ استعمال کرتی ہیں جو بھارت کے شرح کم سے کم رہی جہاں 57 فیصد خلا دیکھا گیا اور بنگلہ دیش میں اس کی شرح 62 فیصد دیکھنے میں آئی۔
جو انٹرنیٹ استعمال کرتے ہین ان کا کہنا تھا کہ 49 فیصد وقت کی کمی، 18 فیصد مہنگے ڈیٹا چارجز کی وجہ سے انٹرنیٹ سے بھرپور استفادہ نہیں حاصل کرپاتے جبکہ 22 فیصد کا کہنا تھا کہ ان کے انٹرنیٹ کے استعمال میں کوئی روک ٹوک نہیں۔
رپورٹ میں مخصوص 22 فیصد اسمارٹ فون صارفین اور 25 فیصد انٹرنیٹ کی صلاحیت والے فیچر فون صارفین کے ہمراہ نظر ڈالی گئی۔
ہیلانی گلپایا کا کہنا تھا کہ ’بقیہ 53 فیصد افراد کے موبائل فونز میں انٹرنیٹ کی صلاحیت نہیں، اب وقت ہے کہ عوام کے ہاتھوں میں اسمارٹ فون دیا جائے اور عام فون کو ختم کیا جائے‘۔پی ٹی اے کی جانب سے تحقیق پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔