سابق وزرائے اعظم کے خلاف غداری کیس ، سماعت 19 نومبر تک ملتوی

لاہور(اے ٹی ایم نیوز آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف بغاوت کی کارروائی کے لیے درخواست پرسماعت 19 نومبر تک ملتوی کر دی، عدالت نےحکم دیا کہ آئندہ سماعت پر نواز شریف خود آئیں یا باقاعدہ درخواست دیں۔ لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3رکنی فل بنچ نےکیس پر سماعت کی۔
نواز شریف پر صحافی سرل المیڈا کو متنازع انٹرویو دینے اور شاہد خاقان عباسی پر قومی سلامتی کمیٹی کی کارروائی سابق وزیر اعظم کو بتا کر حلف کی پاسداری نہ کرنے جیسے الزامات ہیں۔
عدالت نے نواز شریف کے وکیل سےدریافت کیا کہ کیا نواز شریف کی حاضری معافی کی درخواست آئی ہے؟ آئندہ سماعت پر نواز شریف خود آئیں یا باقاعدہ درخواست دیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا شاہد خاقان عباسی اور سرل المیڈا آئے ہیں؟ اور کیا سرل المیڈا پاکستانی شہریت رکھتے ہیں؟ عدالت کو بتایا گیا کہ دونوں حاضر ہیں اور سرل المیڈا پاکستانی شہریت رکھتے ہیں۔